کوئٹہ: 20 کلو آٹے کا تھیلا 2600 روپے کا ہوگیا، نان بائیوں کی ہڑتال

341

کوئٹہ: آٹے کی شدید قلت کے دوران کوئٹہ میں 20 کلو کا آٹے کا تھیلا 2600 روپے کا ہو گیا جب کہ نان بائیوں کی جانب سے شہر میں ہڑتال بھی جاری ہے۔

آٹے کی شدید قلت اور قیمتوں میں اضافے کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دی جائے، بصورت دیگر جمعرات سے شہر کے تمام تندور بند رہیں گے۔

پریس کانفرنس میں ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے جب کہ روٹی مہنگی کرنے یا اس کا وزن کم کرنے  پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ جمعرات کو تندوروں پر روٹی نہیں ملے گی، صارفین متبادل انتظام کرلیں۔