ہیلی کاپٹر کیس: عمران خان سمیت 1800 نادہندگان کی فہرست پی اے سی میں پیش

409

اسلام آباد: پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ہیلی کاپٹر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 1800 نادہندگان کی فہرست پیش کر دی گئی۔  کیس میں قومی خزانے کو 6ارب 3 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ پی اے سی نے فوری طور پر نیب کو ریکوری کی ہدایت کر دی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین نور عالم خان کی صدارت میں ہوا۔ نیب کی جانب سے ہیلی کاپٹر کیس میں نادہندگان، سیاسی رہنماؤں، اہم شخصیات اور دیگر افراد کے ناموں پر مشتمل فہرست پیش کر دی گئی۔ فہرست میں سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور، صوبائی وزیر امجد خان آفریدی، سابق سپیکر اسد قیصر، عون چوہدری، فیصل جاوید، ریحام خان، شہریار آفریدی،ابرار الحق، داوڑ کنڈی، اور دیگر شامل ہیں ۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے  خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو غیر معمولی طورپر 137 بار استعمال کیا اور وہ 7 کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں ۔ جہانگیر ترین نے تین بار ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔ مشتاق غنی کے علاوہ سابق وزیراعظم کی سابقہ زوجہ ریحام خان نے دو بار، شاہ فرمان نے 32 بار، شوکت یوسفزئی نے 9 بار ،سکندر حیات خان شیرپاؤ 7 بار، سرکاری ہیلی کاپٹر کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔

امین اسلم نے 10بارصحافی ارشد شریف نے 2بار،ایاز احمد دو بار،حسن خان دوبار، تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی  نے 9 بار،ٹی وی اینکر عمران ریاض نے 5 بار سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا اس طرح و ہ بھی نادہندہ ہیں۔ جاوید چوہدری نے 2 بار، کامران علی شاہ نے بھی 2 بار،سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے بھی خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو 2 بار استعمال کیا اور وہ بھی نادہندہ میں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی سے تعلق رکھنے والے صحافی شاہد احمد نے بھی سرکاری ہیلی کاپٹر 2 بار استعمال کیا۔سابق مشیرزلفی بخاری کیلئے 7 بار  خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا۔سرکاری ہیلی کاپٹر تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور صوبے کے اعلیٰ افسران کا اسٹاف بھی استعمال کرتا رہا ۔سینئر اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود نے بھی خیبرپختونخواہ کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو 3 بار استعمال کیا۔ صحافی عمران ریاض بھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں میں شامل ہیں۔

پی اے سی میں  پیش کی گئی  دستاویزات کے مطابق یہ انکوائری  نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے کی گئی تھی متعدد سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شامل ہیں جنہوں نے  خلاف ضابطہ خیبرپختونخوا کے  سرکاری ہیلی کاپٹر کو استعمال کیا اور نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کیلئے یہ کیس خیبرپختونخوا حکومت کو بھجوادیا تھا مگرتاحال اس حوالے سے کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔

پبلک  اکائونٹس کمیٹی نے  نادہندگان کی فہرست  الیکشن کمیشن  آف پاکستان کو بھیج دی ہے۔ پی اے سی کے اجلاس میں مجموعی طورپر128افراد کے ناموں سے آگاہ کیاگیا۔ متعدد افراد کے ساتھ  دیگر بھی  ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں میں شامل تھے مگر ان کے ناموں سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ مجموعی طورپر غیر مجاز افراد نے  خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو 577 بار استعمال کیا۔ گورنمنٹ  ریٹ کے مطابق 5ارب8کروڑ75 لاکھ سے زائد جبکہ کمرشل حساب سے 6ارب تین کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔

پبلک اکائونٹس کمیٹی نے   فوری طورپر نادہندگان سے  وصولی کی ہدایت کردی ہے اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے نادہندگان سے  فوری طورپر وصولی کو یقینی بنایا جائے