حالیہ سیلاب کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، ذکر اللہ مجاہد

411
sacrificial meat

لاہور: پیٹرن انچیف  الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد  نے کہا ہے کہ   ملک میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور اس کے بعد سیلابی صورت حال کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انجمن تاجران انارکلی اور الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے اشتراک سے نیوانارکلی بازار میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈریزنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں ذکر اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت رضائے الٰہی کابہترین ذریعہ ہے۔ملک میں جس طرح سیلاب نے تباہی مچائی ہے ملکی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اہل لاہور کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے  5 کروڑ سے زائد نقدکیش بھیج چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے لاہور بھر میں 50 سے  زائد امدای  کیمپس  لگائے گئے ہیں۔  40 سے زائد بڑے سامان کے ٹرک جن میں خشک راشن، خیمے،ٹینٹ، کپڑے، جوتے،پینے کا صاف پانی، جوسز او ر  دیگرکھانے پینے کا سامان  روانہ کرچکے ہیں۔5 ستمبر کومنصورہ ملتان روڈ سے سیلاب متاثرین کی امدادی  کیلئے سامان کیساتھ ایک بڑا قافلہ روانہ کیا جائے گا۔ بزنس فورم لاہور، تاجر برداری، آئی ایل ایم لاہور ، طلبہ، مزدور، مردو خواتین ، سرکاری ملازمین، وکلا، ڈاکٹر ز سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر صدر انجمن تاجران انارکلی بازار عاصم شفیق شیخ، صدر بزنس فورم لاہور اعجاز تنویر، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی لاہور چیمبر آف کامرس عبدالودودعلوی، انچارج فلڈ ریلیف مہم جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ پیٹرن انچیف  الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ الخدمت فاونڈیشن اور جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان نے سیلاب متاثرین کی خدمت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تبا ہ کاریوں میں 8 لاکھ سے زائد جانور ہلاک  اور15 لاکھ کے قریب گھر متاثر ہوئے ہیں۔ 2 ہزار کے قریب اموات  اورتین کروڑ سے زائد لوگ  بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑی تعداد میں لوگ امداد کے منتظر ہیں۔ قوم بڑھ چڑھ کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔