گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی، سرمایہ کاروں کے 66 ارب ڈوب گئے

477

کراچی: ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث سست معاشی صورت حال اور نقصانات کی وجہ سے گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان رہا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی اور ڈالر کی قدر میں مطلوبہ کمی نہ ہونے سے سرمایہ کاروں میں مایوسی نظر آئی۔ گزشتہ ہفتے کے 5روزہ کاروبار میں 3سیشنز میں مندی اور 2سیشنز میں محدود تیزی رہی۔ معیشت پر سیلاب کےمنفی اثرات کے خدشے سےسرمائے کا انخلا ہوا۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے مزید 66ارب 41 کروڑ 54لاکھ 50ہزار روپے ڈوب گئے جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 70 کھرب 44ارب 20کروڑ 27 لاکھ 86ہزار 349روپے ہوگیا۔

ہفتہ وار کاروبار میں 100 انڈیکس 282.40 پوائنٹس گھٹ کر 42309.11 پر بند ہوا جبکہ کےایس ای 30 انڈیکس 182.54پوائنٹس گھٹ کر 15932.55 پر بند ہوا۔ کے ایم آئی 30انڈیکس 304.79پوائنٹس گھٹ کر 70094.67 پر بند ہوا اور کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 81.28 پوائنٹس گھٹ کر 21465.33 پر بند ہوا۔