بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کیلیے مقرر

365

اسلام آباد: اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے مقدمے میں شہباز گل کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے  سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ پیر کے روز شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے ۔ قبل ازیں شہباز گل نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیاتھا اور اس سلسلے میں دائر کی گئی درخواست میں ایس ایچ او کوہسار،سٹی مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیاتھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 اگست کو تھانہ کوہسار پولیس نے گرفتار کیا۔ 17 اگست کو پمز کے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا۔ اڈیالہ جیل اور پمز کے میڈیکل بورڈ کے مطابق درخواست گزار پر تشدد کے شواہد ملے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔