کچن میں کھدائی کے دوران ملنے والے 400 سال قدیم سونے کے سکے کروڑوں میں نیلام

379

یارکشائر: برطانیہ کے جوڑے کو گھر کے باورچی خانے کی از سر نو تعمیر کے دوران ملنے والے 400 سال پرانے سونے کے 264 سکے نیلامی میں 6 کروڑ 32 لاکھ روپے میں فروخت ہوئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں 400 سال پرانے سونے کے 264 سکوں کی نیلامی کی تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران یہ سکے ایک شخص نے 2 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز یعنی پاکستانی 6 کروڑ 32 لاکھ اور 9 ہزار میں خرید لیے۔

یہ سکے برطانوی جوڑے کو 2019 میں گھر کے باورچی خانے کے فرش کی کھدائی کے دوران ایک ڈبے میں بند ملے تھے جب انھیں کیچن کی تزئین و آرائش کے دوران ایسا محسوس ہوا کہ فرش کے نیچے کیبل وائر ہے۔ مزید کھدائی کی گئی تو فرش کے نیچے سے ایک ڈبا ملا جس میں 1610 ء سے 1727 ء کے دوران کے 264 سونے کے سکے تھے جو جیمز اوّل اور چارلس اوّل کے دور کے تھے اور یہ سکے ایک دولت مند اور بااثر تاجر خاندان کی ملکیت تھے۔

جس برطانوی جوڑے کو ان کے گھر سے سونے کے سکے ملے، انھوں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی تھی اس لیے ان سکوں کی نیلامی ایک کمپنی کے ذریعے کی گئی اور یہی کمپنی 2019 سے سکوں کی دیکھ بھال بھی کر رہی تھی۔