گلگت بلتستان؛ سیلاب متاثرین کیلیے 3 ارب روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان

224

پشاور: وزیر اعظم شہبازشریف نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران گلگت بلتستان کا دورہ کیا اور حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پربحالی اور تعمیر نو کے لیے 3 ارب روپے کے امدادی پیکیج کااعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کاجائزہ لینے کے لیے گلگت بلتستان کا خصوصی دورہ کیا۔ مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ اور سابق وزیراعلیٰ جی بی حافظ حفیظ الرحمن بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے ضلع غذر کے بری طرح متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیاوزیراعظم نے گاوٴں ببر کے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی جنہوں نے 17 رہائشیوں کو آفت کی وجہ سے جاں بحق ہوتے دیکھا۔ دورہ کے موقع پر وزیر اعظم کو صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایاگیا کہ سیلاب کے بعد مجموعی طور پر 10000 کنال زرعی اراضی بیکار ہو گئی ہے ایک ہزار سے زائد مکانات کو جزوی یا مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ درجنوں پل، سیکڑوں واٹر سپلائی لائنیں اور واٹر چینل تباہ ہو گئے، سیکڑوں کلومیٹر سڑک کا انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہو چکا ہے۔ بریفنگ اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم کابحالی اور تعمیر نو کے لیے جی بی کے لیے 3 ارب روپے،جاں بحق والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے، گاوٴں ببر کی ترقی کے لیے 100 ملین روپے جاری کرنے جبکہ وفاقی گرانٹ کے ذریعے گاوٴں ببر میں 5 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا۔