چار لوگوں نے مجھے نااہل کروانے کیلیے بند کمرے میں سازش کی، عمران خان

248
enslaved by fear

سرگودھا: چیئرمین پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چار لوگوں نے بند کمرے میں بیٹھ کر مجھے نااہل کروانے کے لیے سازش کی اور منصوبہ بنایا۔

سرگودھا میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں نے ایک ٹیپ ریکارڈ کر کے رکھوادی ہے جس میں اُن چار لوگوں کے نام ہیں جنہوں نے میری حکومت کے خلاف سازش کی اور نااہل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو وہ ٹیپ عوام کے سامنے آئے گی اور پھر عوام اُن چاروں لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے نااہل کرنے کا منصوبہ پنجاب الیکشن کے نتائج دیکھ کر بنایا کیونکہ اب انہیں معلوم ہے کہ عام انتخابات میں عوام پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔یہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو ساتھ ملا کر منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کررہے ہیں مگر لکھ کر دیتا ہوں کہ انہیں ناکامی ہوگی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے خلاف مسجد نبویﷺ کے واقعے کے بعد توہین  کے مقدمات درج کیے اور پھر دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جس پر دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی کیونکہ عالمی اداروں اور اخبارات کے صفحہ اول پر میری خبر لگی جو پہلے کبھی نہیں لگی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اب یہ توشہ خانے کی طرف آرہے ہیں، میں  بھی چاہتا ہوں کہ توشہ خانے کا کیس چلے جس کی کھلی سماعت ہو اور پھر زرداری، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی  کو ملنے والے تحائف پر بھی سماعت کی جائے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکے کہ کس نے کتنا فائدہ اٹھایا اور ملک کو نقصان پہنچایا۔