افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کو ایک سال مکمل، طالبان کا جشن، عام تعطیل

574

کابل: طالبان نے افغان سرزمین سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر عام تعطیل کا اعلان کیا   جب کہ دارالحکومت کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق طالبان حکومت نے بدھ کو افغان سرزمین سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا پہلا سال مکمل ہونے پر جشنِ یومِ آزادی منایا۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل رہی اور کابل کو رنگ برنگی قمقموں سے سجایا اور آتش بازی بھی کی گئی۔افغانستان میں طبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹ کیا کہ یوم آزادی مبارک ۔ یہ دن امریکی قبضے سے ملک کی آزادی کا دن ہے جس کے لیے کئی برسوں جنگ کی، مجاہدین شہید ہوئے، زخمی ہوئے۔ ہزاروں بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہوئیں۔

طالبان حکومت کے حکام دن کے آغاز سے ہی بگرام ایئر بیس پر جمع ہوگئے اور سرکاری سطح پر یوم آزادی منایا، امارت اسلامی افغانستان کا پرچم لہرایا اور شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔ یہ وہی فضائی اڈہ ہے جسے امریکی افواج نے طالبان پر بمباری کے لیے استعمال کیا تھا۔سڑکوں پر گشت کرتے طالبان اہلکار بھی کافی خوش نظر آرہے تھے۔کابل میں اس سلسلے میں بینرزآویزاں تھے جس میں افغانستان کی تین عالمی قوتوں کے خلاف فتح کا ذکر کیا گیا ہے۔

دارالحکومت کابل میں طالبان کی جانب سے سرکاری عمارتوں میں سفید جھنڈے لگائے گئے اور چراغاں کیا گیا، شہر کی گلیاں روشنیوں سے سجائی گئی ہیں۔دوسری جانب طالبان  نے آتش بازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔سابق امریکی سفارتخانے کے قریب مسعود اسکوائر میں طالبان کی جانب سے جھنڈے اٹھا کر امریکا مردہ باد کے نعرے اور باجے بجائے گئے۔طالبان کے سوشل میڈیا اکاونٹس کی جانب سے افغان فوجیوں کی ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کی گئیں، جن میں کئی افغان اہلکار ہتھیار اٹھائے ہوئے تھے، جو امریکی فوج نے انخلا کے دوران چھوڑے تھے۔

سابق امریکی سفارت خانے کی دیوار پر بنایا گیا افغانستان کے جھنڈے کی تصویر کے ساتھ ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ اسی طرح ایک سپرپاور کو گھسیٹا جاتا ہے جس نے تذلیل کی ہو اور ان کو ملک سے بے دخل ہونے پر مجبور کیا جاتا ہے، عالمی میڈیا سے گفتگو میں ایک اہلکار کا کہنا تھاکہ ہم خوش ہیں ملک سے کفار کا قبضہ  ختم ہوا اور اسلامی امارت قائم ہوئی۔طالبان کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ غیر ملکی فوج کا انخلا ہوگیا اور ملک کی سیکورٹی اب بہتر ہوگئی ہے اور اب مزید کوئی جانی نقصان نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کو ایک سال مکمل ہوگیا جس کے بعد امن و امان کی صورت حال کافی حد تک بہتر ہے تاہم خواتین کی ملازمتوں اور لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول میں واپسی تاحال ممکن نہیں ہوسکی ہے۔طالبان نے افغانستان میں گزشتہ برس 15 اگست کو اپنی حکومت قائم کرلی تھی تاہم ملک سے امریکی اور نیٹو فوجی کا انخلا 31 اگست کو مکمل ہوا تھا اور آخری اہلکار کے طیارے پر بیٹھتے ہی طالبان سجدہ شکر میں گر گئے تھے۔