بھارت: عید گاہ میدان میں ہندو تہوار کے انعقاد کی کوشش ناکام

464

بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹک کی معروف عید گاہ میں ہندو تہوار گنیش چتروتھی کے دس دن کے میلے کے انعقاد کی کوششوں کو مسلم وقف بورڈ نے عدالت کے ذریعے رکوادیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں کرناٹک مسلم وقف بورڈ کی جانب سے بنگلور کی عید گاہ میں گنیش دیوتا کے تہوار کی تقریبات کے انعقاد کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت ہوئی۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کرناٹک کی ہائی کورٹ اور حکومت نے عید گاہ میں گنیش دیوتا کے تہوار کی تقریبات کے لیے دو دن کی اجازت دی ہے حالانکہ یہ تہوار 10 دن تک جاری رہتا ہے۔

جس پر مسلم وقف بورڈ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اس عید گاہ کے میدان کو صرف یوم آزادی، یوم جمہوریہ اور کھیلوں کے علاوہ عیدوں کی نمازوں کے اجتماع کے لیے استعمال لایا جا سکتا ہے۔مسلم وقف بورڈ کے وکلا کا مزید کہنا تھا کہ ریاست میں ایسے کئی اور میدان موجود ہیں جہاں گنیش دیوتا کا تہوار منایا جا سکتا ہے۔ عید گاہ میں دیوتا کا تہوار منانے سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوگی اور فسادات کا اندیشہ ہے۔

سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد کرناٹک ہائی کورٹ اور حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے گنیش دیوتا کے تہوار کی تقریبات عید گاہ میں کرنے سے روک دیا۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل ریاست کرناٹک میں ہی تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی عائد کی گئی تھی اور ہندو تہواروں پر برسوں سے اسٹالز لگانے والے مسلم دکانداروں کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے تھے۔