تحریک اسلامی سے وابستہ افراد کو ہر حال میں اسوۃ حسنہ کی پیروی کرنا ہو گی، راشد نسیم

401

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ تحریک اسلامی سے وابستہ افراد کو ہر حال میں اسوۃ حسنہ کی پیروی کرنا ہو گی۔

شعبہ دعوت و تربیت اور شعبہ مساجد و مدارس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقامت دین کی تحریک انسانوں کو استعمار کی غلامی سے نجات دلانے اور ان کے لیے دنیاوی و اخروی کامیابی کا راستہ کھولنے کا ذریعہ ہے۔ اہل ایمان کی زندگی کا بنیادی مقصد اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔

راشد نسیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی سیاست کا بنیادی مقصد انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلا کر انھیں اللہ کی غلامی میں دینا ہے۔ تحریک اسلامی سے وابستہ افراد عارضی آزمائشوں سے دل برداشتہ نہ ہوں بلکہ پوری تن دہی سے محنت جاری رکھیں۔ جماعت اسلامی دیگر سیاسی جماعتوں سے اس لیے مختلف ہے کہ اس کا کام وقتی شہرت یا مفاد حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک بڑے مقصد کا حصول ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اللہ کی رحمت کے دروازے انہی لوگوں پر کھلتے ہیں جو صدقِ دل سے محنت کرتے ہیں اور جن کا مطمع نظر اللہ کے دین کی سربلندی اور انسانیت کی خدمت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک اسلامی سے وابستہ افراد کو ہر حال میں اسوۃ  حسنہ کی پیروی کرنا ہو گی۔