ترکیہ کا سیلاب متاثرین کیلیے امدادی سامان پرمشتمل طیارہ روانہ کرنے کا اعلان

338

استنبول: ترکیہ نے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلیے امدادی سامان پرمشتمل طیارہ پاکستان روانہ کرنے کا اعلان کیاہے۔

ترکیہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے ہفتے کوجاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ ترکیہ پاکستان میں بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ افراد کی امداداورمعاونت کی تیاری کررہاہے اورامدادی سامان سے لدھا طیارہ پاکستان روانہ کیاجارہاہے۔ بیان میں پاکستان میں بارشوں اورسیلاب سے ہونے والے جانی اورمالی نقصان پرافسوس کااظہارکیاگیاہے۔

بیان میں کہاگیاہے کہ ہمیں انتہائی افسوس ہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند دنوں سے جاری بارشوں اورشدید سیلاب کی تباہ کاریوں نے بہت سے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی جانیں لی ہیں، سیلاب سے وسیع پیمانے پر نقصان ہواہے ۔ بیان میں کہاگیاہے کہ ہم اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کے لیے اللہ کی رحمت کے متمنی ہیں، ہم پاکستان کی دوست اور برادر حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

بیان میں مزید کہاگیاہے کہ ترکیہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونے والے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو ضروری امداد پہنچانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور انسانی امداد لے جانے والا ایک ترک طیارہ بھیجنے کا منصوبہ بنایاگیاہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کوترکیہ کے وزیرخارجہ مولودکوسووگلونے وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری سے ٹیلی فون پررابطہ بھی کیا اورپاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی اورمالی نقصان پرپاکستان کی حکومت اورعوام کے ساتھ تعزیت، افسوس اورہمدردی کااظہارکیا۔