ملک بھر میں سیلاب سے تباہی،اموات کی تعداد 980 سے متجاوز

375

اسلام آباد:ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث تباہ کاریاں جاری ہیں۔ مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 980 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

نیشنل ڈیزائسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور1 سیلاب کے باعث 14 جون سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 982 ہوگئی۔ خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے گزشتہ 24گھنٹے کے دوران10افراد جاں بحق ہوئے۔

سندھ میں  گزشتہ 24گھنٹے کی دوران33افراد  جان کی بازی ہار گئے۔بارشوں اور سیلاب سے پنجاب میں  گزشتہ روز 2اموات ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے گزشتہ 24گھنٹے کے دوران مختلف مقامات پر 113افرادزخمی  ہوئے۔ مجموعی طور پر اب تک ایک ہزار 456افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 149 پلوں کو نقصان پہنچا۔

بارشوں کے باعث اب تک ملک بھر میں 6 لاکھ 82 ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا۔ 8 لاکھ 25 ہزار سے زائد مویشی بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ ملک بھر میں 48 ہزار 931 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔متاثرین میں 27 ہزار سے زائد خیمے، 35 ہزار سے زائد ترپالیں اور 17 ہزار سے زائد کمبل تقسیم کیے گئے ہیں۔