اسلامی جمعیت طلبہ کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کی فیس معافی کا مطالبہ

932
fee waiver

لاہور: ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کے طلبا کی تعلیمی اور ہاسٹلز کی فیس معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور مالکان کو لکھے گئے خط میں انہوں سیلاب کی تباہ کاریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ذرائع معاش بری طرح متاثر ہوئے ہیں، صرف گھر بار ہی نہیں بلکہ لوگوں کے مال مویشی، فصلوں اور کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانی المیہ اور معاشی بحران پیدا ہوا ہے، اس نقصان سے نمٹنے میں بہت وقت لگے گا۔ انہوں نے جامعات کے انتظامی افسران سے اپیل کی متاثرہ علاقوں کے طلبا کے تعلیمی اخراجات معاف نہ کیے گئے تو ہزاروں طلبا تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے جو علاقے متاثر ہوئے ہیں ان میں سے بیشتر پہلے ہی تعلیمی لحاظ سے پسماندہ ہیں، اگر اب مزید طلبا نے تعلیم چھوڑ دی تو یہ علاقے پہلے سے بڑھ کر پسماندہ اور ناخواندہ ہو جائیں گے۔