سیلاب متاثرین میں 50،50 روپے کی تقسیم، زرداری کے بہنوئی پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید

514

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر،رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کے شوہراور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے بہنوئی نوابزادہ میر منور علی خان تا لپور کی سیلاب متاثرین کی عزت نفس مجروح کرنے کی وڈیو منظرِ عام پر آگئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فریال تالپور کے شوہر  اپنے حلقے میں سیلاب متاثرین کو 50،50 روپے تقسیم کررہے ہیں۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے بہنوئی نوابزادہ میر منور علی خان تا لپورکو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایک صارف نے تبصرے میں لکھا کہ ظالمو! اپنے کتوں کے لیے باہر سے خوراک منگواتے ہو اور غریب کو ایک روٹی کے پیسے بھی نہیں دیتے ۔جولوگ غریبوں کی غربت کا مذاق اڑا رہے ہیں، اللہ تعالی ان کو بھی اسی سیلاب میں غرق کرے جس میں پھنسے لوگوں کی عزت نفس کو یہ لوگ مجروح کررہے ہیں۔ اسلام آباد میں  50 روپے کی ایک نان ،روٹی ملتی ہے۔

ایک صارف نے اپنی رائے کے اظہار میں لکھا کہ اس کو کہتے ہیں سخاوت، اس بڑھ کر اس ملک کے عوام کی اور کیا تذلیل ہوگی؟۔ضمیر بیچنے والوں کو 50/50 کروڑ اور ووٹ دینے والوں کو صرف 50/50 روپے۔ کیا  50 روپے سے   سیلاب متاثرین  کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے اور سندھ میں خوشحالی آ جائے گی؟۔ 50 روپے دے کر تصویریں بنوانا فقط زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ شرم تم کو مگر نہیں آتی، سیلاب متاثرین کی 50 روپے میں کیا  داد رسی ہو سکے گی۔لوٹے خریدنے ہوں تو پچاس کروڑ روپے اور اپنے حلقے کے عوام کے لیے صرف پچاس، پچاس روپے۔

کسی نے لکھا کہ ملک میں اس وقت سیلاب نے ہر چیز کو تہہ و بالا کر دیا ہے۔ سیلاب متاثرین مدد کو پکار رہے ہیں،جو لوگ  بچ گئے  ہیں، انہیں  اس وقت انہیں کھانے پینے اور بنیادی اشیاء کی اشد ضرورت ہے۔ لیکن ایسے میں سیلاب متاثرین کی آواز میرمنورتالپور بنے، جو اپنے لشکر کے ساتھ 50، 50 روپے بانٹنے آئے ہیں۔ اس 50 روپے کے نوٹ کا وہ کریں گا کیا جہاں نہ کوئی دکان، مارکیٹ نہ ہی بازار باقی بچے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور کے شوہر کی سیلاب متاثرین کے ساتھ مذاق کرنے کی وڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کا شدید غصہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فریال تالپور کے شوہر نے راشن کے منتظر سیلاب متاثرین کو 50 روپے کا نوٹ دے کر جان چھڑائی۔ تصاویر اور وڈیو میں انہیں متاثرین میں 50 روپے کا نوٹ تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔