برازیل کی آزادی کا اعلان کرنے والے بادشاہ کا دِل نمائش کیلیے تیار

395

ساؤ پاؤلو: برازیل کی آزادی کو پورے 200 سال ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر آزادی کا اعلان کرنے والے بادشاہ کا اصلی دل برازیل لایا گیا ہے جسے نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ قلب ڈوم پیڈرو اول کا ہے جس نے 1822 میں برازیل کو پرتگال سے الگ کرکے ایک آزاد ملک بنانے کی راہ ہموارکی تھی۔ یہ قلب ایک سنہرے برتن میں رکھا گیا ہے اور اسے ایک ہوائی جہاز سے برازیل پہنچایا گیا ہے۔ نیلے یونیفارم میں ملبوس افراد نے اس قلب کو نہایت احترام سے اٹھارکھا تھا۔

ڈوم پیڈرو اول پرتگالی بادشاہ تھے جنہوں نے برازیل کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ اب ان کا قلب یومِ آزادی کی تقریبات میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔ ڈوم پیڈرو نے اپنے والد کی خواہش کے برخلاف برازیل کو آزاد کرایا تھا۔

اس دل کو فارمل ڈیہائڈ میں ڈبو کر محفوظ رکھا گیا ہے اور طیارے کے اترنے سے قبل جیٹ طیارے کے ایک دستے نے دائیں بائیں اڑتے ہوئے اسے پروٹوکول فراہم کیا۔ واضح رہے کہ ڈوم پیڈرو اول کا انتقال 1834 میں ہوا تھا جب ان کی عمر صرف 35 برس تھی۔