یوکرین کا یوم آزادی: ریلوے اسٹیشن پر روسی بمباری میں 25 شہری ہلاک

235

کیف / ماسکو: یوکرین کے یوم آزادی پر روس کی جانب سے فضائی بم باری کے نتیجے میں 25 شہری ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی وزارتِ دفاع نے فضائی کارروائی کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری فورسز یوکرین کے مشرقی علاقے میں ریلوے اسٹیشن پر محصور ہوگئیں تھیں اور انہیں پسپائی کا سامنا تھا، جس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ روسی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ میزائل حملے میں 200 یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین نے دعویٰ کیا کہ ہمارے یوم آزادی کے روز ہونے والے روسی فضائی حملے میں 25 شہری ہلاک ہوئے۔ یوکرین کے وزیر نے میڈیا کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا کہ روس نے فضائی حملے میں اسکندر میزائل سے حملہ کیا۔ یوکرینی صدر کے قریبی دوست نے بتایا کہ حملہ ریلوے اسٹیشن پر کیا گیا جس کے نتیجے میں وہاں اپنی سواری کے انتظار میں بیٹھے مسافر ہلاک ہوئے۔