امپورٹڈ حکومت میری آخری کال سے پہلے الیکشن کرادے، عمران خان

263
responsibility

ہری پور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے خبردارکیاکہ میں امپورٹڈ حکومت کو وقت دے رہاہوں کہ آپ فوری عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے عوام میں نکلا ہوا ہوں، میری آخری کال سے پہلے بہتر ہے، صاف ، شفاف الیکشن ہو جائیں، جب میری کال آئے گی تو چاروں طرف سے لوگ اسلام آباد کی طرف نکلیں گے۔ جب عوام کا سمندر چاروں طرف سے اسلام آباد کی طرف آئے گا تو نہ شہباز شریف اسے روک سکیں گے اور نہ ہی زرداری روک سکے گا۔

عمران خان نے کہا کہ حکمران اس خوف سے سب کچھ کررہے ہیں کہ قوم ان کے خلاف باہرآگئی ہے۔بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں سیلاب کی وجہ سے لو گ بہت مشکل میں ہیں۔ پنجاب حکومت سے کہہ رہا ہوں کہ ان کی مدد کریں۔ شہباز شریف بجائے قطر جانے کے اور بھیک مانگنے کے، اپنے لوگوں کی مدد کرو، چوروں کو کوئی پیسہ نہیں دیتا۔حکومت نے میڈیا پر مجھے بند کردیا ، سوشل میڈیا میں زبردست کوریج پر ٹائیگرز کو سلام پیش کرتا ہوں۔سوشل میڈیا ٹیم کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم کبھی بھی اپنے اداروں کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے ۔

بدھ کے روز پختونخوا کے شہر ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمرا ن خان نے کہا کہ حکومت نے میرے خلاف دہشت گردی کا کیس کر دیا ہے جس سے ساری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ یہ جو کچھ کر رہے ہیں یہ اس لیے نہیں کر رہے کہ عمران خان نے کوئی دہشت گردی کی ہے بلکہ یہ اس لیے کر رہے ہیں کہ یہ آپ سے ڈر گئے ہیں۔ ان کو پتا ہے کی قوم باہر آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنقید تعمیری ہونی چاہیے۔ ہمارا جینا مرنا اس ملک میں ہے۔ہمارا ایک ہی مقصد ہے کہ ہم اس امپورٹڈ حکومت سے جان چھڑا کر پاکستان میں صاف اور شفاف الیکشنز کرائیں۔