سندھ میں بارشیں، جامشورو کا دراوٹ ڈیم پہلی بار مکمل بھرگیا

518

کراچی : سندھ کے ضلع جامشورو کا غیر معروف اور اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ دراوٹ ڈیم بھی اپنی 8 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مکمل بھر گیا ہے جس کے اسپل ویز سے پانی کا غیر معمولی اخراج حسین نظارہ پیش کرتا ہے۔

دراوٹ ڈیم کراچی سے لگ بھگ 125 کلومیٹر دُور موٹروے ایم نائن پر تھانہ بولا خان کی حدود میں جھانگڑی گاؤں کے قریب واقع ہے۔رقبہ، پانی کی گنجائش اور محل وقوع کے حساب سے دراوٹ ڈیم کا شمار صوبے کے بڑے ڈیمز میں ہوتا ہے۔ پہاڑی سلسلے کے بیچوں بیچ نئی باران ریور پر واپڈا کے تحت دراوٹ ڈیم کی تعمیر مارچ 2010 میں شروع کی گئی تھی۔9.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوئے اس ڈیم کا افتتاح سابق صدر آصف علی زرداری نے 9 مارچ 2013 کو کیا اور ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کا سلسلہ سال 2014 میں شروع ہوا۔

ڈیم کی لمبائی 306 میٹر اور اونچائی 46 میٹر ہے۔ دراوٹ ڈیم کا کیچمنٹ ایریا 20 لاکھ 17 ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے۔ افتتاح کے بعد سے اب تک یہ ڈیم مکمل طور پر نہیں بھر سکا تھا۔سندھ میں بارشوں کے حالیہ سلسلے کے ابتدائی مرحلے میں ہی دراوت ڈیم میں ایک لاکھ 20 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہو چکا اور گزشتہ کئی دنوں سے یہ ڈیم اوور فلو ہو رہا ہے۔

یہاں پانی کے اوور فلو کا نظارہ انتہائی دلکش ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق ڈیم کے مکمل بھرنے سے جامشورو ضلع کی 25 ہزار ایکڑ زرعی اراضی آئندہ کئی سال تک سیراب ہو سکے گی۔