سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل قدیم محلات اور قلعوں میں کھلنے لگے

432

ریاض: سعودی عرب،قدیم محلات اور قلعوں میں فائیو اسٹار ہوٹلز کھل گئے، مملکت سعودی عرب کے علاقے عسیر میں واقعے قدیم محلات اور قلعوں کو کیفے، ریستوراں اور دیگر جدید سہولتوں والے ہوٹلوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔

عرب میڈیاکے مطابق سعودی عرب کے علاقے عسیر ریجن میں قدیم محلات اور قلعوں کو بحال کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو جدید ماحول میں تاریخ کا تجربہ کرنے کی طرف راغب کیا جا سکے۔

یہ محلات اور قلعے 6 مختلف علاقوں میں موجود ہیں جو سائز اور اونچائی میں مختلف ہیں جن کے ڈھانچے کو بحال کیا گیا ہے ان میں ابہا کے قریب بطباب میں ابو نقطہ محل، ابہا کے قریہ الدارہ میں واقع لحج محل، السودہ کے قریہ ابو سارہ میں واقع وزیر اور عزیز محل اور المصلی قلعہ شامل ہیں۔

ان محلات میں سے کچھ 200سال سے زیادہ پرانے، پتھروں اور لکڑی سے بنے ہیں، انہیں اصل تعمیراتی جمالیات کو محفوظ رکھتے ہوئے، کیفے، ریستوراں اور دیگر جدید سہولتوں والے ہوٹلز میں تبدیل کیا گیا ہے،ابو نقطہ المتحمی سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سعید بن سعود المتحمی نے کہا کہ پرانے محلات کی بحالی کا خیال اس کے امیر ورثے کی بنیاد پر مملکت میں ثقافتی سیاحت کو فروغ دینا تھا۔