آئی جی، ڈی آئی جی اور خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیوں پر سپریم کورٹ ازخودنوٹس لے، پی ڈی ایم

740

اسلام آباد: حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے سپریم کورٹ سے عمران خان کی خاتون مجسٹریٹ کو دھمکی پر از خود نوٹس کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں نے عمران خان کے ایف نائن پارک اسلام آباد میں کیے جانے والے خطاب کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خاتون مجسٹریٹ کا نام لے کر اسے دھمکی دی، آئی جی اور ڈی جی آئی پولیس اسلام آباد کو مخاطب کرکے ڈرانے کی کوشش کی گئی۔

حکومتی اتحاد نے کہا کہ عمران خان کی دھمکیاں کھلی غنڈہ گردی اور لاقانونیت ہے۔ غدار فارن ایڈڈ جماعت اور فارن فنڈنگ لینے والا اس کا چئیرمین ہے، عمران خان نے پاک فوج میں بغاوت کی سازش کی ہے۔ پی ڈی ایم جماعتوں نے اعلیٰ عدلیہ سے خاتون مجسٹریٹ کو دھمکی دینے پر عمران خان کے خلاف ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور  وزیر داخلہ سے کارسرکار میں مداخلت، افسران اور سرکاری عملے کو دھمکیاں دینے پر عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ کا عمران خان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں رہا کہ فوج میں بغاوت کی سازش عمران خان نے کی۔ اسرائیل اور بھارت کی فارن فنڈنگ سے عمران خان پاکستان میں خانہ جنگی کرانا چاہتا ہے۔

حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران خان خانہ جنگی کے منصوبے پر سرعام عمل کر رہا ہے۔ بغاوت اورنفرت انگیزی پھیلانے پر پیمراعمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگائے، فارن ایجنٹ اور سیاسی دہشت گرد کو ٹی وی پر دکھانا بند کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ خاتون مجسٹریٹ کو دھمکی دینے کا اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے۔آئی جی، ڈی آئی جی پولیس کو دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت پر عمران خان کو گرفتار کیاجائے۔