سندھ حکومت: کراچی کی تباہ حال سڑکوں کی مرمت کیلیے ڈیڑھ ارب روپے جاری

440

کراچی:  حکومت سندھ نے بارشوں کے بعد کراچی کی ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے فوری طور پر ڈیڑھ ارب روپے جاری کردیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ  پہلے مرحلے میں جن 7 روٹس پر پیپلز بس سروس چل رہی ان سڑکوں کی استر کاری کی جائے گی اور جہاں جہاں ضرورت ہوئی وہاں کی سڑکوں کی بھی تعمیر و مرمت شروع کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے ہمیشہ تنقید کرتے ہیں تنقید کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، کام کرنا پڑتا ہے، کل اسلام آباد میں وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے سندھ میں بارشوں کی صورتحال کے بعد بہتری کے لیے وزیر اعظم پاکستان سے مدد کی درخواست کی۔ سندھ ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔  وفاقی حکومت نے اگلے 25 سال کے لیے کراچی کے تین بڑے اسپتال سندھ حکومت کے حوالے کرنے کے لیے کہا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہناتھا کہ رواں  مالی سال میں 18 ارب روپے کی لاگت سے 157 ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دی گئی ہے ان میں سے146 اسکیمیں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تعمیر کی جائیں گی، 12 ارب روپے ان اسکیموں کے لئے جاری کیے جاچکے ہیں۔