آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد اور خاتون مجسٹریٹ کیخلاف ایکشن ہوگا، عمران خان

331

اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے  آئی جی ، ڈی آئی جی  اسلام آباد اور خاتون مجسٹریٹ کو  مخاطب کرکے کہا ہے کہ تمہیں نہیں چھوڑوں گا۔ مریم نواز، فضل الرحمٰن، رانا ثنا ، آئی جی اسلام آباد پر کیس کریں گے۔ شہباز گل کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کے حق میں نکالی گئی  ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس سے پوچھا توانہوں نے کہا انہیں پیچھے سے بوٹ لگا تھا۔25 مئی ظلم کے خلاف سی سی پی او لاہور،ڈی آئی جی پرایکشن لینا تھا توفون آگیا ان کوہاتھ نہ لگاؤ۔ خاتون مجسٹریٹ کو پتا تھا شہباز گل پر تشدد ہوا لیکن اس نے ضمانت نہیں دی۔  انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کے نوٹس پربڑی تعداد میں عوام باہرنکلے ہیں۔  تمام پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  چنگیز خان نے اپنے دور میں 3 کروڑ مسلمانوں کا قتل عام کیا،اس وقت بھی پاکستان میں ایسی ہی دہشت پھیلائی جا رہی ہے۔ شہباز گل کو کس لیے پکڑا، کس لیے تشدد کیا؟  ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، مریم نواز، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان،خواجہ آصف نے شہباز گل سے زیادہ سخت بیان دیا۔ پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ شہبازگل کو بیان کی وجہ سے نہیں پکڑا،شہبازگل پرتشدد کیا گیا۔انہوں نے یہ بتانے کی کوشش کی وہ قانون سے اُوپرہیں۔ شہبازگل پرتشدد ڈرانے کی کوشش ہے۔ اگر پی ٹی آئی رہنما پر تشدد ہو سکتا ہے تو یہ کسی پر بھی کر سکتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستانیوں یہ فیصلہ کن وقت ہے۔ اگر ہم اس خوف کے بت کے سامنے جھک گئے تو ہمارے سامنے غلامی ہے۔دنیا کی تاریخ میں فرعون، ڈکٹیٹر، بادشاہ لوگوں کو خوف کی بنا پر غلام بناتے تھے۔ ہم سب نے اس ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔ 26سال کی سیاست میں پہلی دفعہ ایک زندہ قوم دیکھ رہا ہوں۔پہلی دفعہ ایک سوئی ہوئی قوم جاگ رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم انگریز سے آزاد ہو گئے لیکن آج بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کر دیا گیا۔قوم 25 مئی کا دن نہیں بھولے گی۔چوروں کا ٹولہ، بھگوڑا اور سب سن لو یہ قوم جاگ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گِل کو جس طرح رکھا گیا ہے، جیسے کتنا بڑا غدار پکڑ لیا۔ اسلام آباد کے آئی جی، ڈی آئی جی ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔مجسٹریٹ صاحبہ آپ بھی تیار ہو جائیں، آپ کیخلاف بھی ایکشن ہو گا۔آپ سب کوشرم آنی چاہیے۔ ایک کمزور آدمی پر تشدد کیا گیا۔مولانا فضل الرحمان کو پکڑنے میں ان کی جان جاتی ہے۔لائف سپورٹ مشین والا خواجہ آصف کہتا ہے امریکا کے جوتے پالش کرنے چاہئیں۔یہ لوگ جومرضی کہہ دیں ان کے خلاف کچھ نہیں ہوتا،فکرنہ کرو، اگر شہبازگل کے خلاف کیس ہوسکتا ہے تو سابق وزیراعظم نوازشریف، امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) فضل الرحمان، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سمیت سب پرہم کیس کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ آئین کی بالادستی ، رول آف لا کی ہے۔شہباز گِل کے خلاف جوکچھ کیا قانون کی دھجیاں اڑا دی ہے۔آئی جی، ڈی آئی، مجسٹریٹ کو پتا تھا شہباز گل پر ظلم ہوا لیکن ضمانت نہیں دی، ڈاکٹر شہباز گل کے معاملے پر سپریم کورٹ جائینگے۔بڑے ادب سے کہتا ہوں قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔ آئین وقانون پرعملدرآمد کرانا سپریم کورٹ کا کام ہے۔ پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ کیا آپ واقعی نیوٹرل ہیں،ہمیں توکہا گیا تھا ہم تو نیوٹرل ہیں، جانتا ہوں ہماری ایجنسیاں دنیا کی بہترین ایجنسیاں ہیں،آپ کو تو سازش کا پتا چل گیا ہو گا، نیوٹرل کو کہنا چاہتا ہوں یہ پاکستان کا مسئلہ ہے،آپ کے لیے بڑا ضروری ہے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو چوروں کے ساتھ کھڑے نہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ میڈیا پر اس طرح کا دباؤ پہلے کبھی نہیں ڈالا گیا، جب ہمیں نکالا گیا تو میڈیا پر بلیک آؤٹ تھا۔ سوشل میڈیا کے لوگوں کو خاص سلام پیش کرتا ہوں،مجھے نکالا تو سوشل میڈیا پر پہلے دکھایا گیا عوام سڑکوں پرنکل آئی۔ نیوٹرلز سے پوچھنا چاہتا ہوں کیا واقعی آپ نیوٹرل ہیں؟ نیوٹرلز کو کہنا چاہتا ہوں آپ کے لیے ضروری ہے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، نیوٹرلز انصاف کیساتھ کھڑے ہوں، ان چوروں کیساتھ کھڑے نہ ہوں۔قبل ازیں عمران خان نے زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک ریلی کی قیادت کی جس میں  بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی ۔