سطحی ویب سائٹس کو گوگل خود رینکنگ میں پیچھے پھینک دے گا

516

کیلی وفرنیا: گوگل اپنے سرچ الگورتھم میں کچھ ایسی بنیادی تبدیلیاں کررہا ہے، جو ایک طرف تو ایس ای او کے تحت نئی تکنیک کا تقاضا کرتی ہیں اور دوسری جانب خود ماہرین کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوں گی۔

توقع ہے کہ اس تبدیلی کے بعد سرچ کے نتیجے میں صارفین کو (معیار میں) اچھے درجے کی ویب سائٹس کے بہتر نتائج ملیں گے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ وہ متن (کانٹینٹ) کے معیار پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے رہا ہے، جس کا مقصد کم درجے کی حامل یا پھر ایسی ایگریگیٹر ویب سائٹس کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، جو سرچ انجن کے مشہور کی ورڈز اور اصلاحات استعمال کرکے ویب ٹریفک اپنی جانب کھینچنے جیسی دھوکا دہی میں مصروف ہیں۔

گوگل اس سلسلے میں کانٹینٹ اپ ڈیٹ آئندہ ہفتے جاری کرے گا۔ گوگل کا کہنا ہے کہ ہماری ترجیح ہائی رینکنگ ویب سائٹ کے بجائے ایسی ویب سائٹس کو پہلے دکھانا ہے، جو صارفین کے لیے حقیقی مددگار ہوں اور آئندہ سرچ انجن میں حالیہ تبدیلیاں ایسے ہی نتائج مرتب کریں گی۔

گوگل مستقبل میں تعلیم، تفریح، خریداری اور ٹیکنالوجی سے وابستہ آن لائن معلومات اور ویب سائٹس پر خصوصی توجہ دے گا جب کہ اس کے الگورتھم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرنےو الی ویب سائٹس کو ناکام کرنے کے لیے گوگل نے کمر کس لی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ اب اگرآپ ایس ای آر پی رینکنگ کے لیے شارٹ کٹ اپناتے ہوئے گھٹیا مواد کی حامل یا سطحی ویب سائٹس کو سرچ میں اوپر لانا چاہتے ہیں تو ذہن سے یہ خیال قطعی طور پر نکال دیجیے۔

گوگل اس بات کا خواہاں ہے کہ اس کے صارفین کو حقیقی اور بہترین معلومات میسر آئیں۔ یہی وجہ ہے کہ گوگل اپنے الگورتھم کو جدید اور سخت ترین تکنیکی صلاحیتوں کا حامل بنا رہا ہے۔