لاہور: وفاقی حکومت نے19 ستمبر سے پنجاب اور سندھ کے 5 سے 11 سال کی عمر کے 16 لاکھ اسکول جانے والے بچوں کو کورونا سے بچا ئوکے ٹیکے لگانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویکسی نیشن مہم آئندہ ہفتے امریکہ سے فائزر اور بائیو ٹیک ویکسینز کی 3 کروڑ 60 لاکھ پیڈیاٹرک خوراکیں ملنے کے امکان کی وجہ سے شروع کی جارہی ہے۔
ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکومت نے اسکول جانے والے بچوں کو کوورونا ویکسی نیشن کوریج کے تحت لانے کا فیصلہ کیا ہے،ابتدائی طور پر یہ مہم صرف پنجاب اور سندھ میں شروع کی جائے گی۔
این سی او سی نے اسکول جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کی ذمہ داری فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کو سونپی ہے۔ایف ڈی آئی نے 6 روزہ مہم کے انتظامات کرنے کے لیے امیونائزیشن پر توسیعی پروگرام کو آگاہ کیا ہے۔
ای پی آئی اس مہم میں یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او کی ٹیموں کو شامل کرے گا کیونکہ ان کے پاس کئی ایسی ہی حفاظتی مہم چلانے کے لیے مضبوط انتظامی مہارت اور مہارت ہے۔بتایاگیا ہے کہ آئندہ ہفتے 3 کروڑ 60 لاکھ خوراکیں ملک میں پہنچ جائیں گی اور بچوں کو دو مرحلوں میں ویکسین دی جائے گی۔