ہوائی اڈوں پر مسافروں کے ساتھ آنے والوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

308

لاہور: وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ائرپورٹ پر ایک مسافر ایک فرد کی پابندی کو ختم کیا جا رہا ہے، جس کے بعد مسافروں کے ساتھ آنے والے یا ان کا استقبال کرنے والے افراد ائرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ تک جا سکیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے ائرپورٹ پر مسافروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے جاری ہدایات پر عمل کا جائزہ  لیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے چیک پوسٹ پر تیسری لائن شروع کر دی گئی ہے، جس سے  مصروف اوقات میں گاڑیوں کی طویل قطاروں میں کمی آئے گی۔

لاہور ائر پورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنجز کا رات 10سے صبح 5 بجے تک انٹرنیشنل لاؤنجز کے طور پر استعمال شروع کردیا گیا ہے، جس سے  بین الاقوامی پروازوں کے لیے رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔  علاوہ ازیں ائر پورٹ آنے پرایک مسافر ایک فرد کی پابندی کو ختم کیا جارہا ہے ۔ اب مسافروں کے عزیز اقارب ائرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ تک جا سکیں گے۔ائر پورٹ کے کنکورس ہال میں اضافی نشستیں لگا دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے ہدایات جاری کیں کہ مسافروں کی آمدورفت کے لیے عرصہ دراز سے بند برقی سیڑھیوں کو فی الفور چلایا جائے۔  انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔