تیز گام میں مجرے کی محفل، تمام ٹرینوں کو سرکاری تحویل میں لینے کا مطالبہ

391
Mujara party

رائے ونڈ:  ٹھیکے پر دی جانیوالی ٹرین تیز گام کے ڈائننگ کار میں مجرے کی محفل پر مسافروں نے تمام ٹرینوں کو سرکاری تحویل میں لینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مذہبی اہمیت کے حامل شہر رائے ونڈ کے باسیوں نے ٹھیکے پر نجی کمپنی کو دی جانیوالی مسافر ٹرین تیز گام ایکسپریس میں اخلاق باختہ مجرے کی محفل بپا کرنیوالے عناصر کے خلاف شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوران سفر ریل گاڑی میں ایسی محافل کا انعقاد ریلوے افسران کی نااہلی کا ثبوت ہے جو صرف اپنے مفادات کی خاطر وسیع ترین ملکی مفادات دائو پر لگا رہے ہیں۔ تیز گام ایکسپریس میں تبلیغی جماعت کے سیکڑوں افراد سفر کرتے ہیں جس سے انکی دل آزاری ہوئی ہے، مذہبی حلقوں نے ریلوے افسران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی تمام کمپنیوں سے معاہدے ختم کرکے ٹرینوں کو واپس سرکاری تحویل میں لیا جائے۔

شہریوں کا  کہنا تھاکہ نجی کمپنیاں ٹرینوں کی مد میں روزانہ کروڑوں روپے نفع کمار ہی ہیں لیکن حکومتی خزانے کو نقصان پہنچا رہی ہیں  ریلوئے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے نفع میں چلنے والی ٹرینوں کو ٹھیکے پر دیکر من پسند افراد کو نوازاگیا ہے۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ دوران سفر توبہ استغفار کرنے کی بجائے مجرے کی محافل بپا کرنا سراسر آئین پاکستان اور عوام کی توہین ہے چند اوباش اور عیاش عناصر ایسے تقاریب بپا کرکے سستی شہرت اور پیسہ کمانا چاہتے ہیں جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،شہریوں نے وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعد رفیق، سی ای او فرخ تیمور غلزئی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھیکے پر دی جانیوالی تمام ٹرینوں کے معاہدے منسوخ کرکے واپس سرکاری تحویل میں لیا جائے۔