شہرقائدکے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری

335

کراچی:شہرقائدکے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کورنگی کاز وے پر ٹریفک کی روانی پانچویں روز بھی تعطل کا شکار رہی۔

صبح سے ہی مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق پانچواں اسپیل جمعرات) تک بادل برساتا رہے گا۔ مون سون کے پانچویں اسپیل کی انٹری اور بارش سے جہاں ہر جانب موسم سہانا ہوا ہے وہیں سڑکوں پر پانی بھی کھڑا ہوگیا، جس سے پیدل یا موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔

اولڈ سٹی ایریا کی مختلف سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی اور کیچڑ تاحال موجود ہے۔سول اسپتال برنس وارڈ کے قریب سے بارش کا پانی مکمل صاف نہ کیا جاسکا۔ سول اسپتال آنے والے راستوں پر بھی پانی موجود ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی آفس کے سامنے اور لائٹ ہائوس کے قریب بھی پانی ہی پانی ہے۔ پی ای سی ایچ ایس ، بہادرآباد کے علاقوں میں بھی بارش اور کیچڑ نے پیدل چلنے والوں کیلئے راستے کھٹن بنا دیئے۔

شدید بارش کے بعد شارع فیصل، صدر، کلفٹن، یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، صفورہ چوک اور شہر کی دیگر سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔شہر میں جہاں بارش نے کئی مسائل کو جنم دیا وہیں حالیہ موسم میں جاری مون سون اسپیل نے کراچی کے سبزے کو نکھار دیا، جس سے پیڑ پودے کھل اٹھے ہیں۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق  5 واں اسپیل 18 اگست تک بادل برساتا رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وسطی بھارت میں مون سون کا ایک تازہ مگر کم دباؤ کے حامل مرحلے سے مشرقی سندھ متاثر ہونے کا امکان ہے، جو راجستھان تک پھیلا ہوا ہے۔