اسلام آباد ہائیکورٹ: مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر شہباز گل کو نوٹس

281

اسلام آباد: عدالت عالیہ اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو نوٹس جاری کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میںشہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کیے جانے کے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی جب کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون اور کیس کے تفتیشی افسر بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل نے ٹی وی چینل پر ایک بیان دیا۔ جس کا حکومت نے سنجیدہ نوٹس لیااور مقدمہ درج کیا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ شہباز گل کے بیان میں ملک کے اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا، جن اداروں کے خلاف بیان دیا گیا انہوں نے اس ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ عدالت کے کیس کی تفصیلات سے متعلق استفسار کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے ماتحت عدالت کے فیصلوں سے متعلق بتایا۔

وکلا کی بحث کے دوران عدالت نے کہا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ ملزم کا مزید  فزیکل ریمانڈ ضروری ہے ؟ آپ نے مزید فزیکل ریمانڈ میں کیا کرنا ہے ؟ عدالت کے استفسار پر وکیل رضوان عباسی نے مزید فزیکل ریمانڈ سے متعلق مختلف عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے دیے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے لیپ ٹاپ ، مختلف ڈیوائسز ابھی نہیں ملیں، وہ ریکور کرنی ہیں۔ عدالت نے شہباز گل کو نوٹس جاریکرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔