الیکشن کمشنر شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات یقینی بنائیں، ڈاکٹر خالد محمود

293

راولاکوٹ: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر عدالت عظمیٰ کے حکم اور انتخابات کے شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے ،حکومت اسمبلی سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قرارداد واپس لے۔

ڈاکٹر  خالد محمود نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے اختیارات واپس لینے کی بجائے الیکشن کمیشن کو بااختیار اور باوسائل بنا ئے تا کہ وہ ہرسطح کے انتخابات صاف اور شفاف طریقے سے منعقد کرواسکیں،بلدیاتی انتخابات قوم کی آواز ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  بلدیاتی انتخابات کے ملتوی کرانے کی سازشوں کے خلاف  جماعت اسلامی نے سردار اعجاز افضل خان کی سربراہی میں وکلاء کا پینل تشکیل دے دیا ہے جو عدالت عظمیٰ میں قانونی جنگ لڑے گا۔

رہنما جماعت اسلامی  نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات بروقت منعقد کیے جائیں تا کہ عوام برائے راست حکومتی عمل میں شریک ہوں بلدیاتی اور طلبہ یونینز کے انتخابات نہ ہونے کے باعث لیڈر شپ کی تیاری کا عمل مفقود ہے ، اگر15ویں ترمیم اسمبلی سے منظور کروائی گئی تو اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے۔