شہری نے بارش کے کروڑوں گیلن پانی کو محفوظ کر کے مختلف کنوؤں تک پہنچا دیا

769

کراچی:صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں ہونے والی موسلا دھار بارشیں اکثر اوقات سیلاب لے آتی ہیں جس سے بے تحاشہ نقصان ہوتا ہے، دنیا بھر میں اس پانی کو مختلف طریقوں سے محفوظ کیا جاتا ہے اور کراچی کے شہری نے بھی ایسا ہی کارنامہ انجام دیا ہے۔

کراچی کے رہائشی محمد امان خان کاکا خیل نے حالیہ مون سون بارش کے کروڑوں گیلن پانی کو محفوظ کر کے مختلف کنوں تک پہنچا کر ارد گرد کی خشک بورنگز کو دوبارہ بھر دیا ہے۔

محمد امان خان  نے بتایا کہ ہم رین ہارویسٹنگ کے سسٹم پر آئے ہیں اوریہ نظام دنیا میں بہت کامیاب ہے۔ اس سے سیلاب کی تباہ کاریاں اورپانی کی کمی کوحل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کراچی کنکریٹ کا جنگل بنا ہوا ہے، سڑکیں بھی کنکریٹ کی ہے اور عمارتیں بھی کنکریٹ سے بنی ہیں۔ شہر کی عمارتیں اس لیے ٹیڑھی اور بیٹھ رہی ہیں کیوں کہ زمین میں پانی نہیں ہے۔

محمد امان نے بتایا کہ ہمارے 32 کیقریب پروجیکٹس ہیں، کوئی پروجیکٹ 1 لاکھ گیلن پانی محفوظ کرتا ہے تو کہیں 6 لاکھ گیلن، کہیں 30 لاکھ گیلن پانی محفوظ ہوتا ہے۔ ہم تقریبا کروڑوں گیلن پانی اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ بنا رہے ہیں۔