جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار انگریزوں سے زیادہ ظلم کر رہے ہیں، پی ایس پی

460
warplanes

کراچی:پاک سرزمین پارٹی ( پی ایس پی )  کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہاہے کہ بے حساب قربانیوں اور لاکھوں لوگوں کی جانوں کا نذرانہ دے کر وجود میں آنے والا ملک ابھی بھی آزاد نہیں ہے۔ گورے انگریز چلے گئے کالے انگریز چھوڑ گئے۔

مصطفی کمال نے کہاکہ انگریز ہمیں نماز، روزہ، حج یا مسجد میں جانے سے نہیں روکتے تھے بلکہ اختیارات نہیں دیتے تھے۔ آج بھی حکمران ہمیں ہماری گلی کے اختیارات کہاں دے رہا ہے؟ یہ جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار انگریزوں سے زیادہ ظلم کر رہے ہیں۔

چیئر پی ایس پی نے کہا کہ  روزانہ معیشت کے حوالے سے تشویشناک خبریں آتی ہیں۔ ایسے میں عوام کو تو صبر کرنے کا کہا جاتا ہے۔ بجلی نہیں، گیس نہیں، پانی نہیں عوام برداشت کرے لیکن کیا کسی ادارے میں مشکل حالات میں رشوت میں کمی آئی ہے۔ ایک ادارے سے بھی رشوت کے ریٹ کم نہیں ہوئے۔ اب صرف فائلوں میں منصوبے بن رہے ہیں۔

مصطفی کمال  کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی اور گٹر لائنوں کا انچارج وزیر اعلی ہے۔ جب تک ان حکمرانوں سے اس وطن کو آزاد نہیں کرائیں گے آزادی مکمل نہیں ہوگی۔ ہم سب یہاں اپنی آزادی کی تجدید کرنے کیلئے جمع ہیں جس کیلئے ہمارے آبا اجداد نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  آج آزادی کے مقاصد کی تجدید کی ضرورت ہے کیونکہ ہم ان مقاصد سے بہت دور چلے گئے ہیں۔ ہمارا ملک یرغمال ہو گیا ہے، ہمیں اپنے وطن کے لوگوں کو حقیقی آزادی دلانے کا عہد کرنا ہوگا۔

سربراہ  پی ایس پی کا کہنا تھا کہ  شرعی عدالت نے فیصلہ دیا کہ اس ملک سے 5 سال میں سودی نظام ختم کرو۔ تمام بینک سپریم کورٹ اس فیصلے کے خلاف چلے گئے۔ حکومت کچھ بھی کرے لیکن اللہ اور اسکے رسول محمد ﷺ سے جنگ ختم کرے۔ افغانستان کی جنگ ختم ہو گئی، قیدیوں کا تبادلہ ہو گیا، امریکی قیدی اور طالبان قیدی چھوڑ دیئے گئے۔ صرف پاکستان کی معصوم بیٹی عافیہ صدیقی آج بھی جیل میں قید ہے۔ پاکستانی حکمرانوں کی آواز امریکا کے سامنے کیوں نہیں نکلتی۔