“ملک پر 75سال سے انگریزوں کے غلام مسلط ہیں جنہوں کراچی کیلیے کچھ نہیں کیا”

267

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر 75سال سے انگریزوں کے غلام جاگیردار اور وڈیرے قوم پر مسلط ہیں، اور یہ پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو بے وقوف بناتے ہیں اور ان پر ظلم کرتے ہیں لیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کرتے۔

حافظ نعیم الرحمن نے  وطن عزیز مملکت خداداد پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر ادارہ نورحق کے باہر پرچم کشائی کی اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ضلع شرقی کے تحت بیت المکرم مسجد تا یونیورسٹی رو ڈ تک منعقدہ ریلی کی قیادت کی اور مختلف مقامات پر خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے کراچی کی تعمیر نوضروری ہے، کراچی منی پاکستان ہے، جو پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے،جہاں ہر مسلک اور زبان بولنے والے شہری موجود ہیں اورجب کراچی کے عوام آج جشن یوم آزادی منانے گھر سے نکلے ہیں توجگہ جگہ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر موجود ہیں،کراچی کی تعمیر و ترقی کا دعویٰ ہر حکمران جماعت نے کیا لیکن اس کی تعمیر و ترقی کے لیے کسی نے کوئی کام نہیں کیا جس کے باعث آج شہرکھنڈر بن چکاہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی کی جدوجہد جاگیردار وں او ر وڈیروں کے خلاف ہے جو 75سال سے ہم پر مسلط ہیں،تمام حکمران جماعتیں صرف ووٹ لینے آتی ہیں لیکن کراچی کو کسی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، بد ترین حالات میں بھی کراچی کے عوام نے گزشتہ سال کی نسبت 42فیصد زیادہ ٹیکس اد اکیا، بد قسمتی سے بیوروکریسی اور دیگرادارے بھی کراچی کو اون کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو امانت دار قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا، عوام آج یوم آزادی کے موقع پر عہد کریں کہ 28اگست کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نمائندوں کو منتخب کریں تاکہ کراچی کی تعمیر وترقی کا سفر دوبارہ شروع کیا جاسکے۔