قومی ون ڈے اسکواڈ نے نیدرلینڈز میں ڈیرے ڈال دئیے

521

روٹرڈیم: قومی ون ڈے اسکواڈ نے نیدرلینڈز میں ڈیرے ڈال دئیے ہیں۔ آئی سی سی ورلڈکپ لیگ میں شامل 3 ون ڈے میچز کیلیے قومی اسکواڈ نیدر لینڈز پہنچ گیا ہے۔

کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہورسے علامہ اقبال ایئرپورٹ روانہ ہوئے پھر رات گئے وہاں سے دبئی کیلئے اڑان بھری،گرین شرٹس کی اگلی منزل ایمسٹرڈیم تھی۔

اسکواڈ نے بعد ازاں روٹرڈیم میں ڈیرے ڈال دیے جہاں 3ون ڈے میچز 16،18اور21اگست کو کھیلے جائیں گے،دوران سفر چند کرکٹرز نے ماسک پہنے رکھے،کئی نے ضرورت محسوس نہیں کی، کھلاڑیوں کی آپس میں گپ شپ بھی ہوتی رہی،ایئرپورٹس پر سیلفیز اور تصویریں بنانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔روٹر ڈیم میں ایک دن آرام کے بعد قومی اسکواڈ(آج)اتوار کو پریکٹس کریگا۔

لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران بارشوں کی وجہ سے کرکٹرز کو صرف ایک روز قذافی اسٹیڈیم میں کھلے آسمان تلے ٹریننگ کا موقع ملا تھا، ایل سی سی اے گرائونڈ میں پاکستان شاہینز کے ساتھ ایک میچ بھی ہوا، اس دوران سخت گرمی رہی، روٹرڈیم کے خوشگوار موسم میں مہمان کرکٹرز کے پاس تیاریاں مکمل کرنے کا اچھا موقع ہوگا۔

16اگست کو پہلے ون ڈے سے قبل میسر وقت میں ہونے والے ٹریننگ سیشنز میں کھلاڑی ٹریننگ اور مینجمنٹ ممکنہ کمبی نیشن پر غور کرے گی، شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس مکمل بحال ہونے پر انھیں تیسرے میچ میں کھلانے کا امکان ہے،ابتدائی دونوں میچز میں ان کا خلا شاہنواز دھانی یا وسیم جونیئر سے پر کیے جانے کا امکان ہے۔

ڈراپ ہونے والے حسن علی کی جگہ سنبھالنے کیلئے نسیم شاہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے،حارث رئوف پیس بولنگ میں سینئر کا کردار ادا کریں گے۔