جاپانی انویسٹرز کی پاکستان میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری میںدلچسپی

192

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جاپانی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی اور ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میںدلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جاپان کے بی ایس پی انوسٹمنٹ گروپ کے وفد نے گروپ کے بانی تکاجی سوجی کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی۔ بی ایس پی انوسٹمنٹ گروپ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے جاپانی سرمایہ کاروں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات جلد از جلد اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جاپانی سرمایہ کاری کو ملک کی تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دیا، اور سرمایہ کاروں کو حکومت پاکستان کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر مزید کہا کہ جاپان، پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں میں جاپان کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرسرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔