پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دفاعی تعلقات ہیں، آرمی چیف

253

لندن: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دفاعی تعلقات ہیں۔

 ان خیالات کااظہار جنرل قمر جاوید باجوہ نے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں 213ویںریگولر کمیشنگ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کرنا ان کے لئے فخر کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاسنگ آئوٹ پریڈ میں41غیر ملکی کیڈٹس بھی پاس آئوٹ ہو رہے ہیں۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں دو پاکستانی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کیڈٹس کی تربیت کا دورانیہ 44ہفتے کا تھا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں 213ویں ریگولر کمیشنگ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی اور پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو برطانوی افواج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان کے پہلے فوجی سربراہ ہیں جنہوں نے پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی ہے۔ برطانوی کیڈٹس کے علاوہ26ممالک کے41بین الاقوامی کیڈٹس بھی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شریک تھے۔ پاس آئوٹ ہونے والوں میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے دو کیڈٹس عبداللہ اور مجتبیٰ بھی شامل ہیں۔