پنجاب میں 14 اگست تک شدید بارشوں اور سیلاب کا امکان

317
Rains and floods

لاہور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب کے کئی شہروں میں 14 اگست شدید بارشوں اور سیلاب کا امکان ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا اور کسی بھی ممکنہ صورت حال پر کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیرہ غازہ خان، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں مون سون کی شدید بارشوں اور اس کے بعد سیلابی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 11 سے 12 اگست کے دوران ضلع میانوالی کے پہاڑی علاقوں اورندی نالوں میں سیلاب کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں 11 سے 14 اگست تک سیلاب کا امکان ہے۔موسلادھار بارشوں سے ملتان، سرگودھا، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے جب کہ کوہ سلیمان،سالٹ رینج سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے جس سے علاقے میں سیلاب آ سکتا ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے تمام اضلاع میں فلڈ فائٹنگ، ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیموں کو فوری متحرک ہونے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے خاندانوں کے لیے خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ علااوہ ازیں سیلابی علاقوں سے مویشیوں کے انخلا اور چارے کی فراہمی کے انتظامات کیے جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ٹیموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ زیر آب آنے والے علاقے کے رہائشیوں کو عارضی ریلیف کیمپوں میں منتقل کرنے کے لیے جگہ کا تعین کیا جائے۔انتظامی افسران سیلاب کے اثرات اور ریسکیوو ریلیف آپریشنز کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں۔ساتھ ہی رسپانس کی حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے خلا اور کامیابیوں کو دستاویزی شکل دی جائے۔تمام ادارے یکجا ہو کر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اتھارٹی کا کنٹرول روم اور 36 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24 گھنٹے اور ساتوں دن الرٹ ہیں۔

دریں اثنا ترجمان این ڈی ایم اے نے مون سون کے دوران کارگزاری سے متعلق جاری بیان میں بتایا ہے کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امداد کی فراہمی جاری ہے۔ فراہم کیے گئے امدادی سامان میں 40 ہزار سے زائد افراد کے لیے خوراک (راشن پیکٹس) کی فراہمی، 60 ہزار متاثرین کی رہائش کے لیے خیمے، مچھر دانیاں اور کمبل مہیا کیے گئے۔ نکاسی آب کے لیے 117 ڈی واٹرنگ پمپس فراہم کیے گئے۔

بیان کے مطابق سب سے زیادہ امداد بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کے لیے دی گئی ہے، جہاں سیلاب متاثرین کے لیے 60 ہزار لیٹر پینے کا پانی بھی مہیا کیا گیا ہے جب کہ دیگر امدادی سامان میں کچن سیٹ، حفظانِ صحت کٹس اور کیمیکل اسپرے مشینیں بھی شامل ہیں۔