محکمے کی جانب سے ناقص خوراک ملنے پر بھارتی پولیس اہلکار رو پڑا، ویڈیو وائرل ہو گئی

469

بھارتی ریاست اترپردیش میں محکمے کی جانب سے ناقص خوراک ملنے پر بھارتی پولیس اہلکار پھٹ پڑا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بھارتی پولیس اہلکار سڑک پر شہریوں کو محکمے کی طرف سے ملنے والا کھانا دکھاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ یہ وہ کھانا ہے جو ہمیں دیا جاتا ہے جسے جانور بھی کھانا پسند نہیں کرینگے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی اہلکار پلیٹ ہاتھ میں لیے لوگوں کے ہجوم کے درمیان موجود ہے جس میں روٹی اور دال موجود تھی اور اہلکار وہ کھانا شہریوں کو دکھا رہا ہے جبکہ موقع پر موجود سینئر افسران اسے منانے کی کوشش کرتے ہوئے واپس تھانے چلنے کا کہہ رہے ہیں۔

 منوج  کمار کا کہنا  تھاکہ’  اسے دیے جانے والے کھانے کا معیار اتنا خراب ہے کہ اسے  کتے بھی نہیں کھاسکتے جس کی شکایت  اس نے اعلیٰ حکام سے بھی کی لیکن اس کی دہائی سننے والا کوئی نہیں بلکہ اس کے برعکس اس پر دباؤ ڈالا گیا‘۔

وائرل ویڈیو میں بھارتی پولیس اہلکار نے کہا کہ جب اس معاملے کی شکایت ڈی جی پی سے کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کے پی ایس او نے انہیں فون کاٹنے کا مشورہ دیا بصورت دیگر نوکری سے نکالنے کی دھمکی دی گئی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق   منوج کمار 2018 میں پولیس کانسٹیبل  بھرتی  ہوا اور اس کا تعلق علی گڑھ سے ہے۔