رین ایمر جنسی نافذ کرکے نالوں کی صفائی کی جائے، حافظ نعیم الرحمن

222
Army deployed

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پر شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرکے ندی نالوں کی صفائی کا انتظام کیا جائے اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت کی جائے۔

ادارہ نورحق میں بلدیاتی انتخابات‘بارش کے بعد ایک بار پھر شہر کی بدترین صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  محکمہ موسمیات نے بارش کی مزید پیش گوئی کی ہے اس کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے،شہر میں اس وقت فوری اور شفاف بلدیاتی انتخابات کی ضرورت ہے، الیکشن کمیشن 28اگست کو بلدیاتی انتخابات کروائے، پرانے پیپرز کو ضائع کر کے نئے بیلٹ پیپرز نئے کلر میں شائع کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے غیر قانونی و سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو نا اہلی و ناقص کارکردگی کی بنیاد پر برطرف کیا جائے،امن و امان قائم رکھنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 245کے تحت پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ شہری آسانی کے ساتھ اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں،ڈی سی آفسز کرپشن کے گڑ ھ بن گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کو تنگ کر نا بند کرے اور انٹر میڈیٹ میں داخلے کے لیے طلبہ و طالبات کے ڈومسائل کی شرط ختم کی جائے۔مردم شماری کے حوالے سے ہمارا واضح مؤقف ہے کہ ٹی اوآرز عوام کے سامنے لائے جائیں اور ہر شہری کو یہ حق حاصل ہو کہ وہ جان سکے کہ اس کو شمار کیا گیا ہے یا نہیں،مزاحمت اور جدو جہد کے تمام آئینی و قانونی اور سیاسی طریقے استعمال کریں گے لیکن مردم شماری میں دھاندلی قبول نہیں کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ انٹرمیڈیٹ میں داخلے کے خواہش مند لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے لازم کردیا گیا ہے کہ وہ ڈومسائل بنائیں،جس کے نتیجے میں ڈی سی آفسز میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے،پہلے ہی کراچی کے نوجوان بے روزگار ہیں، انہیں سرکاری سطح پر تعلیم دی جاتی ہے اور نہ ہی صحت کا کوئی مؤثر نظام ہے،سندھ حکومت عوام کو کوئی ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہے، کون سی ایسی وجہ ہے کہ طلبہ و طالبات کے لیے ڈومسائل کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔