اوورسیز پاکستانیوں کو حق دیا جائے

489

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پارلیمنٹ میں نشستیں مخصوص کی جائیں اور سمندر پار پاکستانیوں کی نمائندگی ان کے منتخب نمائندوں کے ذریعے ہونی چاہیے۔ یہ ایک سنگین اور جذباتی مسئلہ بھی بن گیا ہے۔ گزشتہ کوئی 30 برس سے ہر حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ اور نوٹ مانگتی اور ان کو حق رائے دہی بیرون ملک ہی استعمال کرنے اور ان کے نمائندے پارلیمنٹ میں بٹھانے کا وعدہ کرتی رہی ہے لیکن مسلم لیگ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ق لیگ ایم کیو ایم کسی نے بھی اس مسئلے کو حل نہیں کیا۔ صرف انتخابات سے قبل تھوڑا شور مچتا ہے وعدے ہوتے ہیں اور پھر سب خاموش بیٹھ جاتے ہیں۔ سراج الحق نے ایک اور مسئلے کی جانب نشاندہی کی کہ سمندر پار پاکستانیوں کی پاکستان میں موجود جائیدادوں پر قبضے ہورہے ہیں۔ وہ مختلف دروازے کھٹکھٹاتے رہتے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ یہ پاکستانی سالانہ اربوں ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں یہ معیشت کے لیے بہت بڑا سہارا ہیں۔ آج کل بہت سے ملکوں میں پاکستانیوں کی نوکریاں ختم ہورہی ہیں سفارتخانے اور مشن اس مسئلے پر توجہ دیں اگر کسی کی نوکری غیر قانونی طور پر ختم کی گئی ہے تو اس کی داد رسی کریں۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے امیگریشن، آن لائن سروس تیز کرنے اور ان کی شکایت کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جس چیز پر زور دیا وہ اللہ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے پر تھا۔ اس کے بعد تمام مسائل خود حل ہوجائیں گے۔ جماعت اسلامی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بہت طویل عرصے سے آواز اٹھارہی ہے لیکن جو بھی حکومت میں آتا ہے اس معاملے کو آگے نہیں بڑھاتا۔ یہ اپنے اور قوم کے محسنوں کے ساتھ دشمنی ہے۔