بدترین لوڈشیڈنگ جاری، دورانیہ 4 سے 15 گھنٹوں تک پہنچ گیا

302
Malfunction

کراچی:روشنیوں کے شہر کراچی میں دن کے بعد رات کے اوقات میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکا ہے تاہم رات کے اوقات میں کئی کئی بار لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں دن کے بعد رات میں بھی بجلی بند کی جارہی ہے جبکہ مستثنیٰ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 4 سے 6 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔کے الیکٹرک 9 اور 10 محرم کو بھی سابقہ شیڈول کے تحت شہر میں لوڈ شیڈنگ کی گئی۔

لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت کا شکار ہیں جبکہ ان کی سماجی اور معاشی زندگی بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔

لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، سر سید ٹاؤن، خواجہ اجمیر نگری، لیاقت آباد، گلبہار، خاموش کالونی، پہاڑ گنج، حسرت موہانی کالونی، ایف بی ایریا ، موسی کالونی، غریب آباد، کرایم آباد، عزیز آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی سی ایج ایس، پرانی سبزی منڈی، دھوراجی کالونی، کے ڈی اے اسکیم ون آفیسرز ہائوسنگ سوسائٹی ،اسکاٹ کالونی، ریلوے سٹی کینٹ کالونی، اعظم بستی محمود آباد، کشمیر کالونی، اختر کالونی، عباس ٹان، رضویہ سوسائٹی، انچولی، لانڈھی، کورنگی، اورنگی، گلشن ظہور، بلدیہ اتحاد ٹائون، منگھو پیر، قصبہ پاک کالونی، کیماڑی، ماری پور، ٹرک اڈا،  ہاکس بے روڈ، مبارک ویلیج، مشرف کالونی،  نصرت بھٹو کالونی، میٹروول سائٹ، گلشن حدید، گلشن معمار، احسن آباد، کوئٹہ ٹائون، صفورہ گوٹھ، بندھانی کالونی  سمیت دیگرعلاقے شامل ہیں۔

شہریوں کے مطابق رات کے اوقات میں صرف 3 گھنٹے بجلی دی جاتی ہے، ہر 2 سے 3 گھنٹوں بعد 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے بن قاسم پاوور پلانٹ تھری کی ٹربائن کی 27 جولائی سے خرابی کی وجہ  450 میگاوٹ بجلی کی کمی ہے جس کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 15 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق رات کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ شارٹ فال  کے باعث شہریوں کو رات کی لوڈشیڈنگ کرنا ہماری مجبوری ہے۔