شہباز گل کو گرفتار کر کے ریاستی دہشتگردی کی گئی ،تحریک انصاف

239

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہا ہے کہ شہباز گل کو گرفتار کر کے ریاستی دہشتگردی کی گئی ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کون سے ایسے جرائم کئے ہیں شہباز گل نے جو اس کی گاڑی توڑی گئی اور تشدد کیا گیا ، سارا میڈیا سوائے اس کے جو بک گیا ہے آزادی اور سالمیت کی جنگ لڑ رہا ہے، بغاوت اور دہشت گردی کیا جو بھی الزام دیں گے ہمیں قبول ہو گا، آج جس طرح سے ریاستی دہشتگردی کی گئی  اس نے پاکستان بننے کی یاد تازہ کر دی۔

انہوں نے کہا کہ اپنی کرپشن اور منی لاڈرنگ چھپانے کے لئے آپ نے جو کچھ کیا اس کا حساب دینا پڑے گا، اس سے پہلے بھی ڈکٹیٹر طرح طرح کے کام کر رہے تھے ہم نے دیکھا، جس طرح عمران خان اپنے کارکنان کو کال دیں گے سب حاضر ہوں گے، ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، ہم عمران خان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں مراد سعید نے مزید کہا کہ کس کس کو گرفتار کریں گے؟ کتنے صحافیوں پر پابندی لگائیں گے؟ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑے گئے ۔

سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ شہباز گِل کا مبینہ اغوا اور نجی نیوز چینل کی نشریات کی بندش امریکی حکومت کی تبدیلی کی سازش اور اس کے سہولت کاروں کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے بھی ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں شہباز گل کی گرفتاری کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ فاشسٹ حکومت کی جانب سے شہباز گل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرایا اور دبایا نہیں جاسکتا، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے بھی واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ یہ اقدام ثابت کرتا ہے کہ حکومت کس قدر خوفزدہ ہے۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بابر اعوان نے کہا کہ اغوا کے انداز میں شہباز گل کی گرفتاری انتہائی قابلِ مذمت ہے، اِس بات کا ثبوت بھی کہ لوگوں کو ڈرانے والے خود کس قدر خوف زدہ ہیں۔