بھارت میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 73 ہوگئیں

363
نئی دہلی: دفاتر اور کام کاج کے لیے گھروں سے نکلنے والے شہری بارش سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں

نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 73 تک جا پہنچی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست کرناٹک میں مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی اور سیلابی ریلہ شہری علاقوں میں داخل ہوگیا۔ سیلابی ریلہ اپنے ساتھ 26 افراد کو بہا لے گیا جن کی لاشیں مل گئیں۔ علاوہ ازیں گھر منہدم ہونے سے 19، کرنٹ لگنے سے 15، درختوں کے گرنے سے 6 اور لینڈ سلائیڈنگ میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ 161 گاؤں بری طرح متاثر ہوئے جب کہ 21 ہزار سے زائد افراد کو ریلیف کیمپوں میں پناہ لینا پڑی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کی مرکزی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور سڑکیں تباہ ہوگئیں۔ اسپتالوں اور میونسپل اداروں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست بھر میں بارشوں کا سلسلہ مزید ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔