مشکلات سے نمٹنے کے وسائل نہیں، مجبوراً بوجھ عوام پر منتقل کیا، وزیرخزانہ

289

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا مگر عالمی معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے وسائل نہیں، اسی لیے بدقسمتی سے بوجھ عوام پر منتقل کرنا پڑا۔

غیر ملکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سری لنکا جیسے حالات کے شدید خدشات تھے لیکن اب ملک کے لیے ڈیفالٹ جیسی صورتحال کا خطرہ ٹل چکا۔  کفایت شعاری سمیت اہم تبدیلیوں کے بعد اب صورتحال بہتر ہوگئی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف کی سطح پر معاہدہ ہو چکا، امید ہے کہ رواں ماہ آئی ایم ایف بورڈ سے بھی منظوری مل جائے گی۔

مفتاح اسماعیل نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں مہنگائی ہے، ایک وجہ یہ کہ ہم نے فیول اور بجلی پر سبسڈی واپس لی،ٹیکسوں میں اضافہ کیا، شرح سود بڑھائی جس سے گروتھ میں سست روی پیدا ہوگئی، ہمارے اقدامات لوگوں کے لیے تکلیف دہ تھے۔ عالمی سطح پر چیلنجنگ ماحول ہے اور ہمارے پاس صورتحال سے نمٹنے کےلیے وسائل نہیں ہے، بدقسمتی سے بوجھ لوگوں پر منتقل کرنا پڑا۔

وزیر خزانہ نے کہا گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 7فیصد بہتر ہوئی۔ درآمدات کم ہوئیں، عالمی منڈی میں خام تیل کی 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے والی قیمت اب کم ہو رہی ہے۔ آئندہ چند ماہ میں حالات مزید بہتر ہوں گے جس سے مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔