یوم عاشور: جلوسوں کے دوران سخت سکیورٹی، موبائل سروس بند رہی

327

کراچی: ملک بھر میں 9  ویںمحرم الحرام  کے جلوسوں اور مجالس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند رہی۔

شہر قائد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں9  ویںمحرم الحرام کے روز جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی جبکہ قیام امن کے لیے حساس مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کردی گئی ۔

 علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی۔سکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیئے گئے ہیں جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کرکے  آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی ۔

  وفاقی دارالحکومت میں  9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہونیوالے کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے،موبائل سروس بھی بندرہی ۔ادھر پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس کیلئے سخت سکیورٹی اقدامات کئے گئے،شہر میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور ایف سی کے مجموعی طور پر 6 ہزار اہلکار تعینات رہے۔

 کوئٹہ میں جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔ اس موقع پر بولان ،جعفرآباد،جھل مگسی سمیت مختلف علاقوں میں پولیس، رینجرز اور فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی  جب کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کرنے کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی۔

 لاہور میں 9  ویں  محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو ا، شہر میں کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لئے 10ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔