ایشیاکپ، ا سکواڈز کے اعلان کی ڈیڈ لائن بڑھا کر 11اگست کردی گئی

426

دبئی: ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی درخواست پرا سکواڈز کے اعلان کی ڈیڈ لائن بڑھاکر 11اگست کردی ہے۔

اے سی سی نے ایشیا کپ میں شریک ملکوں کو ٹیمیں منتخب کرنے کیلئے 8اگست کا وقت دیا گیا تھا،اب تک پاکستان نے ہی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے،بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹرز لٹن داس اور نورالحسن زمبابوے کے دورے میں انجرڈ ہوئے ، بورڈ کو ان کی فٹنس رپورٹ کا انتظار ہے، اسی لیے ایشین کرکٹ حکام سے مزید وقت مانگا تھا،دوسری جانب بھارتی اسکواڈ کا بھی جلد اعلان ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق سینئر بیٹر ویراٹ کوہلی کی واپسی کا امکان روشن ہے، وہ کافی عرصے سے آئوٹ آف فارم ہیں اس لیے انھیں آرام کا موقع فراہم کیا گیا تھا، بعض سابق کرکٹرز نے ایشیا کپ میں کوہلی سے اننگز کا آغاز کرانے کا مشورہ بھی دیا ہے،البتہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ٹیم مینجمنٹ مشاورت کے بعد کرے گی۔

ایشیا کپ 27اگست سے نیوٹرل وینیو یو اے ای میں منعقد ہوگا، علاقائی ایونٹ میں خطے کے 5 ٹیسٹ ممالک بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور افغانستان شریک ہیں، چند ایسوسی ایٹ ممالک کوالیفائرز سے مین ڈرا میں جگہ بناپائیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 27اگست کو گروپ بی میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا، پاک، بھارت مقابلہ 28اگست کو شیڈول ہے، ابتدائی دونوں میچز دبئی میں ہوں گے، بنگلہ دیش کا ایونٹ میں سفر 30اگست کو شارجہ میں افغانستان کیخلاف میچ سے شروع ہوگا۔