عمران خان اس ملک کے لیے ایک فتنہ ہے، اپوزیشن لیڈر راجا ریاض

220

پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض  نے کہا  ہے کہ عمران خان اس ملک کے لئے ایک فتنہ ہے، اس نے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  راجا ریاض کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر اور ان کیساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، شہدا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں، پوری قوم شہدا کے خاندانوں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر شہدا کے حوالے سے گھنانی حرکت کی گئی، جس کی بھرپورمذمت کرتا ہوں، سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کو مزاح کا نشانہ بنانا شرمناک ہے، یقین ہے پروپیگنڈا کرنے والوں کو عمران خان نے شاباش دی ہوگی، کیوں کہ عمران خان کا یہی طرز عمل ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان کرپٹ اور جھوٹا آدمی ہے، اس نے اس ملک کے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس نے اپنے کارکنان کو 13 اگست کو کال دی ہے، یہ مجمع اکٹھا کرکے ڈی چوک جانے کا کہے گا اور فساد کی کوشش کرے گا۔ راجا ریاض نے مزید کہا کہ راناثنا پر منشیات کا مقدمہ جھوٹا تھا اور عمران خان کی ایما پر قائم ہوا تھا، اپنے دور میں اس نے25 ہزار ارب قرض لیا اور کام کچھ نہیں کیا، عمران خان اس ملک کے لیے ایک فتنہ ہے، نوجوان ایسے فتنے سے بچیں، فارن فنڈنگ ثابت ہونے پرعمران خان بطور چیئرمین استعفی دیں، کرپشن کرنے والے فرح گوگی ویگر ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔