عوام کو سستا پیٹرول حاصل کرنے کےلیے پلاسٹک کی تھیلی جمع کروانے کی پیشکش

427

بھارت کی ریاست راجستھان میں ایک پیٹرول پمپ مالک نے عوام کو سستا  پیٹرول حاصل کرنے کے لیے پلاسٹک کی تھیلی جمع کروانے کی پیشکش کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیٹرول پمپ مالک نے یہ پیشکش پلاسٹک کا کم سے کم استعمال کرنے کے لیے دی ہے۔ شہری استعمال شدہ تھیلیاں جمع کروا کر 1 روپے سستا پیٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔

اشوک کمار نامی پیٹرول مالک نے 15 جولائی سے تین ماہ کے لیے اس مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے ایک ڈیری برانڈ کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ریاست مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والے پمپ مالک نے اپنی بہن کے ہاں بیٹی کی پیدائش پر مفت پیٹرول دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

مدھیا پردیش کے ضلع بیتول میں پمپ کے مالک دیپک سینانی کی بہن کے گھر 9 اکتوبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کی خوشی میں دیپک نے کچھ منفرد کرنے کا سوچا۔

 بچی کے ماموں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ خیال میرے ذہن میں آیا تو مجھے ڈر تھا کہ کہیں لوگ اسے میرے پیٹرول پمپ کیلئے کی جانے والی تشہیر نہ سمجھیں لیکن بعد میں اس خیال کو جھٹک دیا اور گاہکوں کو اضافی پیٹرول تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا۔

پیٹرول پمپ مالک نے بتایا کہ میں نے دیکھا صبح 9 سے 11 اور شام 5 سے 7 بجے کے درمیان زیادہ سے زیادہ گاہک آرہے ہیں، تو میں نے اسی وقت 5 سے 10 فیصد اضافی پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔

دیپک نے 100 روپے کا پیٹرول خریدنے والے افراد کو 5 فیصد اضافی پیٹرول دیا جب کہ 200 سے 500 روپے کا پیٹرول خریدنے والے شہریوں کو 10 فیصد اضافی پیٹرول دیا۔