سعودی عرب، صنعتی شعبے میں غیرملکی اور مشترکہ سرمایہ کاری کا تناسب 39فیصد تک پہنچ گیا

281
سعودی عرب، صنعتی شعبے میں غیرملکی اور مشترکہ سرمایہ کاری کا تناسب 39فیصد تک پہنچ گیا

سعودی وزارت صنعت و معدنیات نے ملک میں صنعت کے شعبے میں ملکی و غیرملکی اور مشترکہ سرمایہ کاریوں کے حجم کے حوالے  سے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

الاقتصادیہ کے مطابق وزارت صنعت و معدنیات نے کہا ہے کہ صنعت کے شعبے میں غیرملکی اور مشترکہ سرمایہ کاری کا حجم کل سرمایہ کاری کے حوالے سے 39فیصد ہے۔

وزارت صنعت نے کہا ہے کہ مملکت میں مئی 2022کے آخر تک غیرملکی سرمایہ کاری والی فیکٹریوں کی تعداد 839 تک پہنچ گئی۔ یہ مملکت کی کل فیکٹریوں کا تقریبا 8 فیصد ہے، ان میں 65ارب ریال سے زیادہ کا سرمایہ لگا ہوا ہے۔

وزارت صنعت کے مطابق  مشترکہ سرمائے والی فیکٹریوں کی تعداد 787ہے یہ کل فیکٹریوں کا 7فیصد ہیں، ان پر 464ارب ریال سے زیادہ کا سرمایہ لگا ہوا ہے۔

وزارت صنعت و معدنیات کے مطابق  قومی فیکٹریوں کی تعداد 9ہزار ہے،یہ کل فیکٹریوں کا 85فیصد ہیں، ان پر 832ارب ریال لگے ہوئے ہیں۔

وزارت صنعت نے توجہ دلائی کہ غیرملکی سرمایہ کار مختلف معدنیات کی مصنوعات تیار کرنے والی فیکٹریوں میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں۔

54فیصد سرمایہ چھوٹی فیکٹریوں میں لگایا گیا ہے جبکہ 39فیصد درمیانے سائز اور 7فیصد بڑی فیکٹریوں میں لگائے ہوئے ہیں، واضح رہے کہ اس وقت  سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض ریجن میں فیکٹریاں سب سے زیادہ ہیں،مکہ ریجن دوسرے اور مشرقی ریجن تیسرے نمبر پر ہے۔