ارشد ندیم قومی ہیرو قرار، وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت دیگر اہم شخصیات کی مبارکباد   

196

 اسلام آباد:وزیراعظم،آرمی چیف ، آصف زرداری ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو ،چیئرمین سینیٹ ،عمران خان سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

 چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ارشدندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ک ارشد ندیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے کامن ویلتھ گیمز میں نئی تاریخ رقم کی اور نیا ریکارڈ قائم کیا۔ارشد ندیم قوم کے فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کو جیولین تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج صبح بیدار ہوتے ہی بہت خوشی کی خبر سنی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ارشد ندیم کی مستقل مزاجی، جذبہ اور محنت ہمارے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے۔ وزیراعظم نے شان دار کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان  سراج الحق نے ارشد ندیم نئے قومی ہیرو کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ ایک نیا قومی ہیرو جس نے اپنی شبانہ روز محنت سے ریکارڈ بنایا اور تاریخ رقم کرکے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، پوری قوم اس کارنامے پر خوش ہے، مباکباد دے رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کامن ویلتھ اور ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو انعامات و اعزازات سے نوازے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ارشد ندیم کو نوے اعشاریہ ایک آٹھ میٹر کی جیولن تھرو پھینکنے کا نیا ریکارڈ بنانے پر مبارک باد دیتا ہوں،عمران خان نے ارشد ندیم کی جیولن تھرو پھینکنے کی ویڈیو بھی شئیر کی ۔

سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم نے  کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ارشد ندیم کی ناقابلِ یقین کاوش نے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا ہے، یہ ناصرف گولڈ میڈل ہے بلکہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔اْنہوں نے ارشد ندیم سے مخاطب ہو کر یہ بھی کہا ہے کہ زبردست! بہت بہت مبارک ہو۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ،پوری قوم کو انکی کامیابی پر فخر ہونا چاہئے ۔